Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈس ڈولفن کو کلہاڑی سے مارنے والے شخص کو پانچ برس کی سزا

ڈولفن کو مارے جانے کی ویڈیو کی فارنزک تصدیق کرائی گئی (فوٹو: ویڈیو گریب)
پاکستان کے جنوبی صوبہ سندھ میں انڈس ڈولفن کو کلہاڑی کے وار کر کے مارنے والے ملزم کو پانچ برس کی سزا اور اڑھائی لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔
بدھ کو جاری کردہ معلومات میں سندھ وائلڈ لائف نے بتایا کہ ’انڈس ڈالفن کو مارنے کا واقعہ گذشتہ برس پیش آیا تھا۔‘
مائکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ویڈیو اور اس کے ساتھ دی گئی اطلاع کے مطابق ملزم کو سزا و جرمانہ تحفظ جنگلی حیات کورٹ سکھر کی جانب سے سنایا گیا ہے۔
’تحفظ جنگلی حیات ٹرائل کورٹ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سکھر کی عدالت میں گذشتہ سال انڈس ڈولفن کو نہر میں کلہاڑی سے وار کرکے مارنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ ملزم کا جرم ثابت ہونے پر پانچ برس کی سزا اور اڑھائی لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا۔
سندھ وائلڈ لائف کے مطابق ’ڈولفن مارنے کی ویڈیوز کی تصدیق پنجاب فورینزک لیبارٹری سے عدالت کے حکم پر کروائی گئی۔‘
یاد رہے کہ انڈس ڈولفن کو معدومی کے خطرے سے دوچار حیاتیات میں شمار کیا جاتا ہے۔
کچھ عرصہ قبل اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کنزرویٹر وائلڈ لائف سکھر ڈویژن عدنان حامد خان کا کہنا تھا کہ ’مقامی افراد لاعلمی میں بھی ڈولفن کو نقصان پہنچا دیتے ہیں۔‘
عدنان حامد نے اردو نیوز کو بتایا تھا کہ ’'ڈولفنز دریا میں ایک جگہ سے دوسری جگہ سفر کر رہی ہوتی ہیں جب کینال میں پانی چھوڑا جاتا ہے تو یہ اس میں بہتی ہوئی بہت آگے نکل جاتی ہیں اور وہاں سے نکل نہیں پاتیں کیونکہ کینال سسٹم لاکھوں کلومیٹر تک پھیلا ہوتا ہے اسی لیے کینال کی مانیٹرنگ کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔'

انڈس ڈولفن کو معدومی کے خطرے سے دوچار بتایا جاتا ہے (فائل فوٹو: ٹوئٹر)

انہوں نے بتایا کہ 'جب انڈس ڈولفن پانی میں بہت دور نکل جاتی ہے تو اکثر مقامی لوگ اسے نقصان پہنچاتے ہیں کیونکہ انہیں اس بارے میں علم نہیں ہوتا۔'
انڈس ڈولفن کو نابینا ڈولفن بھی کہا جاتا ہے۔ اس بارے میں انہوں نے کہا کہ 'کروڑوں سال پہلے اس کی آنکھیں ختم ہوگئیں اور اب تو آنکھوں کے کھڈے بھی ختم ہوچکے ہیں۔ یہ دیکھ تو نہیں سکتی مگر ایک خاص فریکوئنسی میں آواز چھوڑتی ہے جو انسانی کان نہیں سن سکتے۔‘
'یہ آواز جب کسی چیز سے ٹکرا کر واپس آتی ہے تو ڈولفن بھانپ لیتی ہے کہ وہ چیز کیا ہے اور پھر اس کے پیچھے چل پڑتی ہے۔'

شیئر: