Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نماز کے دوران بلی کا کندھے پر بیٹھنا بے ساختہ تھا: الجزائری امام

امام مسجد ولید مھساس نے کہا کہ اسلام جانوروں کے ساتھ بھی نرمی کا سبق دیتا ہے۔ ( فوٹو: العربیہ)
الجزائر کی ایک مسجد میں نماز تراویح کے دوران امام کے کندھے پر سکون سے بیٹھی ہوئی بلی کی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر اب تک کروڑوں افراد دیکھ چکے ہیں۔
ویڈیو  دیکھنے والوں میں مشرق، مغرب، شمال اور جنوب سے تعلق رکھنے والے ہر مذہب، اور قوم کے لوگ شامل ہیں۔ 
یاد رہے کہ یہ واقعہ الجزائر کے شمال میں برج بوعریریج کی مسجد ابو بکرصدیق میں پیش آیا تھا۔
امام مسجد ولید مھساس اچانک بلی کے آنے کے باوجود خشوع و خضوع کے ساتھ تراویح پڑھاتے رہے۔ انہوں نے بلی کو کچھ نہیں کہا۔ امام کے رکوع میں جانے سے قبل بلی خود ہی ان کے کندھے سے اتر گئی۔
 الجزائر کے امام ولید مھساس نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پہلی مرتبہ اپنے تاثرات بیان کیے ہیں۔
ولید مھساس نے فیس بک پر شیئر کیے جانے والے پیغام میں بتایا کہ ’بلی اچانک آکر کندھے پر بیٹھ  گئی تھی۔ اسے ہٹانے کی کوئی کوشش نہیں کی۔ میری کوشش تھی کہ وہ ایسے ہی سکون سے بیٹھی رہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمارا مذہب اسلام جانوروں کے ساتھ بھی پیار اور نرمی کا سبق دیتا ہے۔‘
الجزائری امام کا کہنا تھا کہ ’اس واقعے کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو نہیں کی اورنہ وہ اس سلسلے میں مزید کوئی بات کریں گے۔ جوکچھ ہوا بے ساختہ تھا۔ یہ کوئی ایسا واقعہ نہیں جس پر کوئی بیان دیا جائے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’بعض لوگ سوشل میڈیا پر میرے نام سے بیان جاری کر رہے ہیں جو کہ غلط ہے۔‘
شیخ ولید مھساس الجزائر کے شہری ہیں۔ مشرقی الجزائر کی ریاست برج بوعریریج کی مسجد ابوبکر صدیق میں امام اور اچھے قاری ہیں۔ حسن قرات کے حوالے سے عمدہ شہرت رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ ویڈیو وائرل ہونے پر کروڑوں افراد نے اسے دیکھا۔ مغربی میڈیا نے بھی اسے کوریج دی۔
الجزائر کی وزارت مذہبی امور نے ویڈیو کی غیر معمولی پذیرائی پر امام ولید مھساس کو اعزازسے نوازا ہے۔

شیئر: