عمران خان کی رہائی اور ہنگامے، ایمرجنسی کی باز گشت اور روسی تیل سمیت گزشتہ ہفتے پاکستان کی اہم خبریں
عمران خان کی رہائی اور ہنگامے، ایمرجنسی کی باز گشت اور روسی تیل سمیت گزشتہ ہفتے پاکستان کی اہم خبریں
اتوار 14 مئی 2023 0:00
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان میں گذشتہ ہفتے عمران خان کی گرفتاری و رہائی، پُرتشدد مظاہروں کے سبب ایمرجنسی کی بازگشت، وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا آئی ایم ایف سے متعلق بیان، پاکستانی فوجی کے ہیڈکوارٹر پر حملے اور روس سے تیل درآمد کرنے سے متعلق خبریں صارفین کی توجہ کا مرکز رہیں۔
پیر تک عمران خان کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے: عدالت
اسلام آباد ہائی کورٹ نے القادر ٹرسٹ کیس سمیت عمران خان کی چار مقدمات میں 17 مئی تک حفاظتی ضمانت منظور کر لی ہے۔
عمران خان کو جن نو مقدمات میں حفاظتی ضمانت دی گئی ان میں نیب کا القادر اراضی کیس، لاہور میں چار دہشت گردی کے مقدمات اور چار اسلام آباد پولیس کی جانب سے درج کیے گئے چار مقدمات شامل ہیں۔
عدالت نے یہ حکم بھی دیا کہ پیر تک عمران خان کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔
پاکستان میں ایمرجنسی کی بازگشت، نفاذ کس صورت میں ہوتا ہے؟
پاکستان میں 9 مئی کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک میں پُرتشدد مظاہرے شروع ہوئے جس کے دوران آٹھ افراد نہ صرف ہلاک ہوئے بلکہ لاہور کے کور کمانڈر ہاؤس سمیت ملک بھر میں نجی اور ریاستی املاک کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
ملک بھر میں ہونے والے پُرتشدد مظاہروں اور سرکاری اور غیر سرکاری املاک کو نقصان پہچانے کے الزام میں ملک بھر میں کئی ہزار افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور حکومتی وزرا کی جانب سے صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے ایمرجنسی نافذ کرنے سے متعلق بیانات بھی سامنے آئے۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی جانب سے بھی ایمرجنسی سے متعلق خبروں کی تردید کردی گئی ہے۔
روس سے تیل کی پہلی کھیپ ایک ماہ کے اندر پہنچ جائے گی: سینیٹر مصدق ملک
وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان نے روس سے تیل خریدنا شروع کر دیا ہے، پہلی کھیپ ایک ماہ کے اندر پہنچ جائے گی۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کو دیے گئے انٹرویو میں مصدق ملک نے بتایا کہ روس سے تیل کی پہلی کھیپ پہنچنے کے بعد اندازا لگایا جائے گا کہ آئندہ کتنی مقدار میں درآمد کی ضرورت ہوگی۔
مصدق ملک نے کہا کہ ’تجربے کے بعد ہم فیصلہ کریں گے روس سے درآمد شدہ پیٹرولیم مصنوعات کو کہاں استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔‘
عمران خان کی گرفتاری، القادر ٹرسٹ کرپشن کیس کیا ہے؟
اس معاملے کی ابتدا پاکستان کے معروف پراپرٹی ٹائیکون اور بحریہ ٹاؤن کے مالک ملک ریاض حسین کے خاندان پر برطانیہ میں دائر ہونے والے ایک مقدمے سے ہوئی۔
عمران خان کے دورِ حکومت میں بحریہ ٹاؤن کی رقم برطانیہ میں ضبط کی گئی جس کے بعد پاکستان کی وفاقی حکومت اور بحریہ ٹاؤن کے درمیان خفیہ طور پر تصفیہ ہو گیا تھا۔
ان کے بعد نئی بننے والی اتحادی حکومت کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ بحریہ ٹاؤن نے 50 ارب روپے غیرقانونی طور پر برطانیہ منتقل کیے جنہیں وہاں منجمند کر لیا گیا تھا۔ عمران خان کی حکومت کی جانب سے یہ رقم واپس لانے کے بجائے برطانیہ میں بحریہ ٹاؤن کو ریلیف دیا گیا۔
راولپنڈی میں جی ایچ کیو پر حملے کا آنکھوں دیکھا احوال
نو مئی کی خوشگوار دوپہر میں گرمی اس وقت اچانک عود آئی جب سامنے ٹی وی سکرین پر عمران خان کی گرفتاری کی خبر چلنے لگی۔ میں اس وقت صدر میں دوستوں کے ہمراہ خوش گپیوں میں مصروف تھا۔ تھوڑی ہی دیر بعد رینجرز کے ہاتھوں سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کی ویڈیوز بھی منظر عام پر آ گئیں اور وہاں موجود میرے مختلف الخیال دوستوں کی باہمی بحث و تکرار کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
میں نے فوری اپنا بیگ کھولا کیمرے کی بیٹری، میموری کارڈ، موبائل بیٹری ٹائم اور اپنے بڑے رومال کی موجودگی کو چیک کیا۔ نمک نہ مل سکا البتہ پانی کی چھوٹی بوتل بیگ میں ڈالی اور تیزی سے بائیک پر وہاں سے روانہ ہو گیا کیوںکہ میں جانتا تھا کہ اب کیا ہونے والا ہے۔
آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ بھی ہو تو پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا: اسحاق ڈار
پاکستان کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ’عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہو یا نہ ہو پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔‘
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعرات کو اسلام آباد میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے دیوالیہ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اور ایسی خبریں نہ پھیلائی جائیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’آئی ایم ایف کے ساتھ، یا آئی ایم ایف کے بغیر پاکستان ڈیفالٹ نہیں کرے گا۔‘