Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بُک اور انسٹاگرام صارفین بلیو ٹِک کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟

اگر پاکستانی صارفین میٹا کے بلیو ٹِک کو اپنی پروفائل پر سجانا چاہتے ہیں تو اُس کے لیے اُنہیں ماہانہ 2300 پاکستانی روپے ادا کرنے پڑیں گے۔ (فوٹو: روئٹرز)
میٹا کے بلیو ٹِک فیچر کے متعارف ہونے کے بعد اب پاکستانی فیس بُک صارفین ماہانہ فیس دے کر اس سروس کو حاصل کر سکتے ہیں۔
اس سروس کے بعد کوئی بھی صارف فیس بُک پر اپنے اکاؤنٹ کو ویریفائی کروا سکتا ہے اور اِس کے ذریعے اضافی سہولیات بھی حاصل کر سکتا ہے جو کہ نان ویریفائیڈ صارفین کو حاصل نہیں ہوں گی۔
پاکستان میں میٹا کے بلیو ٹِک کی قیمت کیا ہے؟
اگر پاکستانی صارفین میٹا کے بلیو ٹِک کو اپنی پروفائل پر سجانا چاہتے ہیں تو اُس کے لیے اُنہیں ماہانہ 2300 پاکستانی روپے ادا کرنا پڑیں گے۔
 

فوٹو: فیسبک سکرین شاٹ

بلیو ٹِک کے ذریعے صارفین کو کون سی خصوصی سہولیات ملیں گی؟
میٹا کا بلیو ٹِک حاصل کرنے کے بعد صارفین کو ملنے والی سب سے بڑی سہولت یہ ہوگی کہ یہ اُن کا اصلی اکاؤںٹ تصور کیا جائے گا اور صارف کے فالوورز یا فرینڈز اُن کے نام پر بننے والے دوسرے اکاؤںٹ سے خبردار رہ سکیں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ ویریفائیڈ صارفین کے پاس فیس بُک کے سپورٹ پیج تک بھی براہ راست جلد رسائی ہوگی۔
بلیو ٹِک کو حاصل کرنے کے بعد صارفین کے پاس خصوصی سٹکرز بھی دستیاب ہوں گے جن کو وہ اپنے تبصروں، پوسٹس اور پیغامات میں استعمال کر پائیں گے۔
 

فوٹو: فیسبک سکرین شاٹ

بلیو ٹِک پروفائل والے صارفین کو میٹا کی کون سی شرائط پر عمل کرنا ہوگا؟
میٹا کا بلیو ٹِک حاصل کرنے کے لیے صارف کی عمر 18 برس ہونا لازم ہے۔ اس سلسلے میں صارف کو اپنے شناختی کارڈ کی تصویر کو تصدیق کے لیے اپلوڈ کرنا ہوگا اور اس شناختی کارڈ کی تصویر کو فیس بُک کی ڈسپلے پکچر (ڈی پی) سے مماثلت ہونا بھی ضروری ہے۔
اس کے علاوہ بلیو ٹِک حاصل کرنے کے بعد صارف اپنا نام، تصویر، یوزر نیم اور تاریخ پیدائش کو تبدیل نہیں کر سکے گا جبکہ میٹا کا بلیو ٹِک حاصل کرنے کے لیے اکاؤںٹ پر ٹو فیکٹر اتھینٹیفیکشن کی سکیورٹی کو بھی لگانا لازم ہے۔

شیئر: