Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چینگ ای لُونر مشن میں چین سیٹلائٹ لانچ کرنے میں پاکستان کی مدد کرے گا

خیال رہے رواں برس چندریان 3 مشن کے بعد انڈیا چاند کے جنوبی قطب پر پہنچنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
چین چاند پر جانے کے اپنے مشن کے دوران پاکستان کی سیٹلائٹ کو لانچ کرنے میں مدد کرے گا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق چینگ ای 6 چین کا آنے والا روبوٹک لوُنر مشن ہے جو اگلے سال شروع ہو گا۔
جمعے کو جاری ہونے والے سرکاری بیان میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ چینگ ای 6 کے دوران چین پاکستان سے آئی کیوب کیو کیوب سیٹ سیٹلائٹ کو بھی لانچ کرنے میں تعاون کرے گا۔
خبر کے مطابق چینی حکام نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ چینگ ای 6 کا خلائی جہاز فرانس، اٹلی اور یورپین سپیس ایجنسی سے سائنسی سامان جبکہ پاکستان سے پے لوڈ چاند پر لے کر جائے گا۔
چین کے چاند پر جانے کے اس مشن کا مقصد چاند کی دور کی سطح (فار سائڈ) سے سیمپل اکٹھے کرنا ہے۔
چینگ ای 6 مشن پر جانے والا خلائی جہاز آربیٹر، لینڈر، اسینڈر اور ری انٹری موڈیول پر مشتمل ہو گا۔
اس مشن میں شریک سینیئر پلانر ہُو ہاو نے کہا کہ اگر یہ مشن کامیاب ہوگیا تو خلائی جہاز چاند کے جنوبی قطب کے ایٹکن بیسن پر اترے گا جہاں سے وہ پتھر اور مٹی کے سیمپل اکٹھے کرے گا۔
اگر یہ مشن کامیاب ہو جاتا ہے تو ایسا پہلی بار ہوگا کہ چاند کی فار سائڈ سے سیمپل اکٹھے کیے جائیں گے۔
خیال رہے رواں برس چندریان 3 مشن کے بعد انڈیا چاند کے جنوبی قطب پر پہنچنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا تھا۔
انڈیا کا چاند پر جانے والا پراگیان رووَر اور چین کا چینگ ای 4 مشن کا رووَر چاند کی سطح پر کام کر رہے تھے تاہم انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اِسرو) نے اپنے خلائی سسٹم کو چاند پر 10 دنوں کے گشت کے بعد سلیپ موڈ میں ڈال دیا ہے۔
اِسرو کی جانب سے چاند پر موجود خلائی جہاز کو دوبارہ سے فعال کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاہم ابھی تک اس میں اِسرو کو کامیابی حاصل نہیں ہو پائی۔
چین کا چینگ ای 6 اپنے خلائی جہاز پر 10 کلو کا غیرملکی سامان بھی لے کر جائے گا۔
خیال رہے اب تک امریکہ، روس (سابق سوویت یونین) اور چین تینوں ممالک کامیابی سے چاند کی سطح سے سیمپل واپس زمین پر لا چکے ہیں تاہم اِن میں سے کوئی بھی ملک ابھی تک چاند کی فار سائڈ سے کوئی سیمپل نہیں لا پایا۔

شیئر: