Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جی سی سی اجلاس، اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور

چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے لیے بات چیت پر تبادلہ خیال کیا گیا( فوٹو: عمانی نیوز ایجنسی)
خلیج تعاون کونسل( جی سی سی) کے وزرائے خزانہ نے مسقط میں خطے کے درمیان اقتصادی تعاون اور انضمام کو بڑھانے پر زور دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عمان کے وزیر خزانہ سلطان بن سالم الحبسی نے خلیج تعاون کونسل کی مالیاتی اور اقتصادی تعاون کمیٹی کے 120 ویں اجلاس کی صدارت کی۔
خلیج تعاون کونسل کے وزرا نے اپنے اپنے ممالک سے متعلق متعدد مالیاتی اور اقتصادی امور پر تبادلہ خیال کیا جس میں خطے کے مرکزی بینک کے گورنرز کی کمیٹی کے کسٹمز یونین کے نتائج شامل ہیں۔
شرکا نےخلیجی کامن مارکیٹ کمیٹی کے بارے میں بھی خیالات کا اظہار کیا۔ وزرا نے صنعتی ان پٹس کے لیے ٹیکس چھوٹ اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک اور چین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کے لیے ہونے والی بات چیت میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔
عمان کے وزیر خزانہ سلطان بن سالم الحبسی نے اپنی تقریر میں خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک کے درمیان مالی، اقتصادی تعاون اور انضمام کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے خطے کے عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے ان علاقوں میں کوششوں کو دگنا کرنے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔
مزید برآں، عمان کے وزیر خزانہ نے خلیجی مذاکراتی ٹیم کی عالمی اقتصادی بلاکس کے ساتھ منسلک ہونے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر خلیجی معیشتوں کے موقف کو مضبوط بنانے کی اہمیت کو تسلیم کیا۔
خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم محمد البدیوی نے کہا کہ ’ رکن ممالک اس وقت کسٹمز یونین اور کامن گلف مارکیٹ کے قیام کے آخری مراحل میں ہیں جس کا ہدف 2025 تک اقتصادی اتحاد حاصل کرنا ہے‘۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ اقدامات خلیجی ممالک کے لوگوں کی خدمت کے لیے جی سی سی کے رہنماؤں کی خواہشات کے مطابق ہیں اور اقوام کے درمیان زیادہ سے زیادہ تعاون، انضمام اور باہمی ربط کو فروغ دیتے ہیں۔

شیئر: