سعودی ولی عہد سے ترکیہ اور فرانسیسی صدور کا رابطہ، غزہ میں کشیدگی پر تبادلہ خیال
رابطے میں غزہ کی پٹی پر حملے روکنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا پے ( فوٹو:عرب نیوز)
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے بدھ کو ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان اور فرانسیسی صدر امانویل میکخواں نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ہے۔
سعودی ولی عہد اور ترکیہ کے صدر نے رابطے کے دوران غزہ اور اس کے گرد ونواح میں حالیہ فوجی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔
عرب نیوز نے ایس پی اے کے حوالے سے بتایا کہ سعودی ولی عہد کا کہنا تھا کہ’ سعودی عرب علاقائی اور بین الاقومی سطح پر مسلسل کوششیں کررہا ہے جس کا مقصد کشیدگی روکنے کےلیے مشترکہ تعاون ہے‘۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ’ سعودی عرب کسی بھی طرح سے شہریوں کو نشانہ بنانے اور بے گناہ لوگوں کی جانیں لینے کو مسترد کرتا ہے‘۔
انہوں نے بین الاقوامی انسانی قوانین پر عمل کرنے اور غزہ کی پٹی پر حملے روکنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
سعودی ولی عہد نے فلسطینی کاز، ایک جامع اور منصفانہ امن کے حصول کےلیے کوششوں کی سپورٹ کے حوالے سے مملکت کے موقف کو بھی اجاگر کیا جو فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق تک رسائی کا ضمانت دیتا ہے۔
علا وہ ازیں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور فرانسیسی صدر امانویل میکخواں کے درمیان بھی ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق رابطے کے دوران غزہ اور گردونواح میں حالیہ فوجی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ولی عہد نے فوجی کارروائیوں کو روکنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کی ضرورت پر زور دیا جس میں معصوم افراد کی جانیں گئیں۔
انہوں نے صورتحال کو پرسکون کرنے، جاری کشیدگی کو روکنے، بین الاقوامی قوانین کا احترام کرنے اور غزہ کا محاصرہ ختم کرنے سمیت استحکام کی واپسی کےلیے فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق کے حصول، منصفانہ اور دیرپا امن کو یقینی بنانے کےلیے کام کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا۔
سعودی ولی عہد نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب شہریوں کو کسی بھی طرح سے نشانہ بنانے یا انفرا سٹریکچر اور اہم مفادات میں خلل ڈالنے کو مسترد کرتا ہے جو ان کی روز مرہ کی زندگی کو متاثر کرتی ہیں۔