Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فٹ بال ورلڈ کپ کوالیفائر: سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان میچ کے لیے شائقین پرجوش

معروف سعودی فٹبالر’یاسرالشھرانی‘ زخمی ہونے کی وجہ سے شرکت نہیں کریں گے(فوٹو، سبق)
سعودی فٹبال ٹیم کے ٹرینر روبرٹو مانشی نے جمعرات کو پاکستان کے ساتھ ہونے والے میچ کے حوالے سے  بدھ کی شب منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی  ٹیم پاکستان کے خلاف میچ کے لیے مکمل طورپر تیار ہے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی ٹیم کے ٹرینر نے کہا کہ پاکستانی ٹیم سے ہونے والا مقابلہ ہمارا پہلا باقاعدہ میچ ہوگا۔
کسی بھی میچ کا آغاز یقینا مشکل ہوتا ہے تاہم پوری کوشش یہ ہے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں اور میچ  میں پوائنٹ حاصل کرنے کو یقینی بنائیں۔ 

سعودی قومی ٹیم الاحسا کے ٹریننگ کیمپ میں میچ کی تیاریاں کررہی ہے۔ (فوٹو، سبق)

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ  میں سمجھتا ہوں کہ نئے  کھلاڑیوں کو شامل کرنے کا یہ مناسب وقت ہے۔
ہم گزشتہ 3 ماہ کے دوران کئی کھلاڑیوں کی کارکردگی دیکھ چکے ہیں۔ میں مانتا ہوں کہ خداداد صلاحیت کے مالک وہ کھلاڑی جو ابھر کر سامنے آرہے ہیں انہیں موقع ملنا چاہئے۔ 
سعودی ٹیم کے ٹرینر نے کہا کہ ہم ہر میچ میں اپنی 100 فیصد کارکردگی کی  کوشش کریں گے۔ 
دریں اثنا پاکستان اورسعودی عرب کے مابین الاحسا میں جمعرات 16 نومبر کو ہونے والے  فٹبال میچ میں مقامی میڈیا کی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔ 
فٹبال کے سعودی شائقین  اور مملکت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کل جمعرات کو الاحسا کے  الفتح کلب سٹیڈیم میں پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم کے ساتھ مقابلے کی خبروں میں غیرمعمولی دلچسپی ظاہر کررہی ہے۔ 
 فریقین کے درمیان مقابلہ ورلڈ فٹبال کپ 2026 اور ایشین کپ  2027 کے کوالیفائنگ راؤنڈ کا حصہ ہے۔ 
سعودی قومی ٹیم الاحسا کے ٹریننگ کیمپ میں میچ کی تیاری زور و شور سے کررہی ہے۔ 
سعودی میڈیا کے مطابق مملکت کے معروف فٹبالر ’یاسرالشھرانی‘ کے زخمی ہونے کی اطلاع نے سعودی شائقین کافی رنجیدہ ہیں۔
اس حوالے سےسعودی فیڈریشن کی جانب سے جاری  بیان میں کہا گیاہے کہ الدوسری پاکستان اور اردن کے ساتھ ہونے والے میچوں میں اپنی قومی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ 

شیئر: