ملک میں اگلے سال 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے بلوچستان سے مجموعی طور پر 2669 امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
الیکشن کمیشن بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق قومی اسمبلی کی 16 جنرل نشستوں پر 631 امیدواروں میں 19 خواتین بھی شامل ہیں۔
سب سے زیادہ تین خواتین امیدوار این اے 255 صحبت پور کم جعفرآباد کم اوستہ محمد کم نصیرآباد کی نشست پر سامنے آئی ہیں۔ قومی اسمبلی کی خواتین کی تین مخصوص نشستوں پر 60 امیدوارہیں۔
مزید پڑھیں
-
ٹِک ٹاکر صندل خٹک نے خیبرپختونخوا سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیےNode ID: 822106
-
کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل مکمل، آج سے جانچ پڑتال ہوگیNode ID: 822201
الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان اسمبلی کی 51 جنرل نشستوں پر 45 خواتین سمیت مجموعی طور پر 1788 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔
بلوچستان اسمبلی کی خواتین کی 11 مخصوص نشستوں پر 123 امیدواروں جبکہ صوبائی اسمبلی کی 3 مخصوص نشستوں پر 10 خواتین سمیت 67 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ سب سے زیادہ چار خواتین امیدوار کوئٹہ سے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 43 پر ہیں۔
بلوچستان سے اہم امیدوار
جمعیت علما اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان پہلی بار بلوچستان سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 265 پشین پر انتخاب لڑیں گے۔
پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی تین حلقوں این اے 263 کوئٹہ سٹی، این اے 265 پشین، 266 چمن کم قلعہ عبداللہ پر امیدوار ہیں۔ نیشنل پارٹی کے سربراہ سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ 269 کیچ کم گوادراور تربت شہر سے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی بی 26 پرالیکشن لڑیں گے۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سابق وزیراعلیٰ سردار اختر مینگل بھی قومی اور صوبائی اسمبلی کے تین حلقوں پر امیدوار ہیں۔
