Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’راحت سے چاہت فتح علی خان بن گیا‘ نسیم شاہ کی قوالی کی ویڈیو وائرل

اسلام آباد یونائیٹڈ نے نسیم شاہ کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے ان کے گانے کی ویڈیو شیئر کی (فوٹو: اسلام آباد یونائیٹڈ)
پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ اپنی تیز ترار بولنگ سے میدان میں بیٹرز کی وکٹیں اڑاتے تو نظر آتے ہی ہیں لیکن ایک بار پھر انہوں نے اپنے سروں کی لائن اور لینتھ سے مداحوں کو محظوظ کیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے سٹرائیک بولر نسیم شاہ نے اپنی سالگرہ کے موقع پر ایک ویڈیو میں اپنے گانے کا ٹیلنٹ دکھایا ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ فرنچائز نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر کرکٹ شائقین کے لیے ’بیکورڈ پوائنٹ‘ شو کے ساتھ ایک پوڈ کاسٹ کے دوران ریکارڈ ہونے والا ایک کلپ شیئر کیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نسیم شاہ پوڈ کاسٹ کی شوٹنگ کے دوران جب مائکروفون ٹیسٹ کر رہے تھے تو انہوں نے گانا شروع کر دیا، لیکن جب انہوں نے ہیڈ فون ہٹا کر اپنی آواز سنی تو وہ خود بھی حیرت میں مبتلا ہو گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سابق بولر نے اپنی ہی آواز سننے کے بعد قہقہہ لگایا اور کہا کہ یہ بہت مختلف ہے، میری آواز راحت فتح علی خان سے بدل کر چاہت فتح علی خان ہو گئی ہے۔
دو بار کی پی ایس ایل چیمپئن ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پوڈ کاسٹ کے اس بی ٹی ایس ویڈیو کو شیئر کیا اور نسیم شاہ کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد بھی دی۔
نسیم شاہ نے 2020 میں پی ایس ایل سیزن کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے اپنا ڈیبیو تھا اور وہ گزشتہ تین سالوں سے ٹیم کوئٹہ کی نمائندگی کر رہے ہیں لیکن اس سیزن میں وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کریں گے۔
17 فروری سے شروع ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہوں گے۔ کراچی کو 11 میچز کی میزبانی ملی ہے۔ لاہور اور راولپنڈی نو، نو میچز کی میزبانی کریں گے۔ ملتان میں پانچ میچز کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 18 مارچ کو ہو گا۔

شیئر: