اغوا ہوا ہوتا تو کوئی اور میرے لیے بریانی بناتا: انور مقصود
پیر 11 مارچ 2024 11:51
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
انور مقصود کچن میں موجود بریانی بنا رہے ہیں اور اپنے مداحوں کیلئے بیان ریکارڈ کر رہے ہیں (فوٹو: بلال مقصود)
پاکستانی مصنف، طنز و مزاح نگار انور مقصود نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اپنے اغوا اور تشدد کی خبروں کی تردید کردی ہے۔
انور مقصود کے بیٹے بلال مقصود نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ویڈیو جاری کی ہے جس میں ان کے والد مزاحیہ انداز میں اپنے اغوا سے متعلق خبروں کو مسترد کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوتی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انور مقصود کچن میں موجود بریانی بنا رہے ہیں اور اپنے مداحوں کیلئے بیان ریکارڈ کر رہے ہیں۔ انور مقصود کا کہنا تھا ’اگر میرے زخم ہوتے یا ہڈی ٹوٹی ہوئی ہوتی تو میں بریانی کیسے بناتا؟ ابھی تو میں بریانی بنا رہا ہوں ورنہ کوئی اور میرے لیے بریانی بناتا۔‘
حال ہی میں سوشل میڈیا پر انور مقصود سے متعلق خبریں گردش کر رہی تھیں جن میں بتایا جا رہا تھا کہ انہیں اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ تاہم انور مقصود نے ان تمام خبروں کی تردید کر دی ہے۔
اس سے قبل بھی انور مقصود سے متعلق غلط معلومات سوشل میڈیا پر ان کے نام سے منسوب کی جاتی رہی ہے اور ان کے نام پر ہی کئی جعلی اکاؤنٹس بھی انٹرنیٹ پر پوسٹنگ کرتے دیکھے جاتے ہیں۔
انور مقصود نے متعدد بار مختلف انٹرویوز میں بھی اپنے نام سے منصوب جعلی اکاؤنٹس اور خبروں کی تردید کی ہے اور کہا ہے کہ وہ سوشل میڈیا استعمال نہیں کرتے۔