Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکہ سے شکست کے بعد اگر مگر، پاکستان سپر ایٹ میں کیسے پہنچ سکتا ہے؟

امریکہ نے پاکستان کو سُپر اوور میں شکست دی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں امریکہ سے تاریخی اپ سیٹ شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے لیے سپر ایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرنا قدرے مشکل ہو گیا ہے۔
عام طور پر پاکستانی ٹیم کو کسی بھی آئی سی سی ایونٹ کے سیمی فائنل میں جانے کے لیے اگر مگر کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن اس مرتبہ تو گروپ راؤنڈ سے سپر ایٹ مرحلے تک جانے کے لیے یہ صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔
ٹورنامنٹ میں اپنا پہلا ہی میچ ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم سپر ایٹ راؤنڈ میں جانے کے لیے ایک مرتبہ پھر سے دوسری ٹیموں پر انحصار کرنے لگ پڑی ہے اور یوں اگر مگر کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔
پاکستان ابھی پوری طرح سے ٹورنامنٹ میں زندہ ہے اور اس کے سپر ایٹ مرحلے میں جانے کے امکانات بہت زیادہ کم نہیں ہوئے تاہم مشکلات ضرور بڑھ گئی ہیں۔

پاکستان سپر ایٹ میں مرحلے میں کس طرح جا سکتا ہے؟
گروپ اے کے پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالی جائے تو امریکہ چار پوائنٹس کے ساتھ پہلے، انڈیا دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستان، کینیڈا اور آئرلینڈ صفر پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
سپر ایٹ مرحلے میں جانے کے لیے پاکستانی ٹیم کو اپنے اگلے تینوں میچ جیتنے پڑیں گے۔
اگر پاکستان اپنے باقی تینوں میچ جیت جاتا ہے تو اُسے دعا کرنا ہو گی کہ آئرلینڈ اپنے میچ میں امریکہ کو ہرا دے یا پھر انڈیا بڑے مارجن سے امریکہ کو شکست دے دے۔
اسی طرح اگر پاکستانی ٹیم تین میں سے دو میچ جیت جاتی ہے اور ایک میچ ہار جاتی ہے تو گرین شرٹس کے فینز کو امریکہ کی آئرلینڈ اور انڈیا سے شکست کی دعا کرنی ہوگی۔
 

امریکہ سے تاریخی اپ سیٹ شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کے لیے سپر ایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرنا قدرے مشکل ہوگیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اگر انڈیا اپنے دو میچ ہارتا ہے اور پاکستان اپنے تینوں میچ جیتتا ہے تو اس صورت میں پاکستان اور امریکہ سپر ایٹ مرحلے میں کوالیفائی کر جائیں گے۔
اگر پاکستان اپنے تینوں میچ جیتتا ہے اور امریکہ آئرلینڈ کو شکست دے دیتا ہے تو اس صورت میں پاکستان، انڈیا اور امریکہ کے درمیان فیصلہ نیٹ رن ریٹ کی صورت میں ہو گا۔

شیئر: