مراکش میں محکمہ پاسپورٹ کی سعودی خواتین اہلکاروں کی خدمات
تمام شعبہ ہائے زندگی کی طرح محکمہ پاسپورٹ میں بھی سعودی خواتین نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوالیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی خواتین نے حج 2024 میں بھی محکمہ پاسپورٹ کے ذریعہ عازمین کی بہترین خدمت کی ہے۔
مراکشی دار الحکومت دار البیضا کے انٹر نیشنل ایئرپورٹ میں روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو کے تحت سعودی خواتین خدمات انجام دے رہی ہیں۔
دار البیضا میں محمد پنچم انٹر نیشنل ایئرپورٹ میں روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو کے تحت محکمہ پاسپورٹ کی اہلکار خاتون غادہ القحطانی نے عازمین حج کی خدمت کو اپنے فخر و اعتزار قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’مکہ روٹ کے لیے محکمہ پاسپورٹ نے مجھے موقع دیا ہے جس پر میں بہت شکر گزار ہوں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ہم مراکشی عازمین کو بہترین سہولت کے ساتھ انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ خدمت کر رہے ہیں‘۔
دوسری طرف محکمہ پاسپورٹ کی خاتون اہلکار نور العلوش نے کہا ہے کہ ’عازمین کی خدمت کرکے ان کی دعائیں سمیٹنا ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ہماری کوشش ہے کہ اپنی بہترین صلاحیتیں لگا کر عازمین کی خدمت کریں‘۔
ادھر محکمہ پاسپورٹ کی ایک اور اہلکار امتنان الاحمدی نے واضح کیا ہے کہ ’بین الاقوامی ہوائی اڈوں میں محکمہ پاسپورٹ کی خدمت انتہائی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے انجام دی جاتی ہیں‘۔
’چہرہ اور انگلیوں کے نشانات سے شناخت کے علاوہ ہمارے پاس خود کار سسٹم کے تحت کام کرنے والی مشینیں بھی ہیں‘۔
واضح رہے کہ روٹ ٹو مکہ اینیشیٹو وزارت داخلہ کی طرف سے عازمین کے لیے بہترین سہولت ہے جس کے تحت عازمین کے اپنے ملکوں میں سفری کارروائی انجام دی جاتی ہے اور سعودی عرب پہنچنے پر انہیں سیدھا ہوٹل لے جایا جاتا ہے جہاں ان کا سامان انہیں مل جاتا ہے۔