پاکستان کی جانب سے عمان کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے تعاون کی پیش کش
جمعہ 19 جولائی 2024 18:38
سلطنت عمان کے سفیر سے ملاقات میں وزیراعظم نے مسقط میں دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی (فوٹو: پی ایم آفس)
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے سلطنتِ عمان کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے تعاون کی پیش کش کی ہے۔
جمعے کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں سلطنت عمان کے سفیر فہد سلیمان خلف الخروسی سے ملاقات میں وزیراعظم نے مسقط کے ضلع وادی کبیر میں امام بارگاہ علی بن ابو طالب پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی۔
اس واقعے میں چار پاکستانی شہریوں سمیت چھ افراد ہلاک جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوئے، جن میں اکثریت پاکستانیوں کی تھی۔
وزیراعظم نے حملے میں مرنے والے پاکستانیوں کی میتوں کی وطن واپسی اور زخمیوں کے علاج کے لیے عمان کی جانب سے فوری اقدامات اور پاکستانی سفارت خانے کے ساتھ تعاون کو سراہا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے سلطنتِ عمان کو دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے تعاون کی پیش کش بھی کی۔
عمان کے سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور عمان کے تعلقات مشترکہ تاریخ، عقیدے اور ثقافت پر مبنی ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دفاع میں دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
عمانی سفیر نے وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور عمان کے سلطان کی طرف نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
انہوں نے اپنے ملک کے پاکستان کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید بڑھانے کی خواہش کا اعادہ کیا۔