Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سوتھبی لندن میں مشرق وسطیٰ کی ثقافتی نمائش کا اہتمام

ثقافت کے حوالے سے مملکت میں اس وقت یقیناً بہت کام کیا جا رہا ہے۔ فوٹو عرب نیوز
رواں ماہ اگست کے دوران سوتھبی لندن میں ’حفلہ‘ کے نام سے مشرق وسطیٰ کی ثقافت کے حوالے سے مختلف نمائشوں کی سیریز کا اہتمام کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق حفلہ میں منعقد ہونے والی نمائشوں میں ’خمسین: سعودی بصری فن کے 50 سال‘، ’مصرت الحبر: قرآنی آیات کی غیرمعمولی خطاطی کی بشیر محمد کے خاندان کی کلیکشن ‘، ’ A 2 Z شاندار جیولری نمائش‘ اور خوبصورت ڈیزائن کے ساتھ ہینڈ بیگ کی کلیکشن‘ موجود ہو گی۔
سوتھبی لندن میں نیلامی کے سربراہ الیگزینڈرا رائے کا کہنا ہے کہ ’خمسین‘  حفلہ نمائش میں سب سے بڑا جزو ہے جو کہ جدہ کی حفیظ گیلری اور اس کے بانی قصورہ حافظ کے تعاون سے پیش کیا گیا, اس میں 1960ء کی دہائی سے لے کر آج تک کی منفرد پینٹنگز، مجسمے، فوٹو گرافی، پرنٹس اور تنصیبات پر مشتمل مختلف اشیاء رکھی گئی ہیں۔
نمائش میں نیلامی کی سربراہ کا کہنا ہے ’ہم قصورہ حفیظ کو طویل عرصے سے جانتے ہیں اور یہ ان کا ایک ایسا پروجیکٹ ہے جسے وہ کچھ عرصے سے کرنے کے بارے میں سوچ رہے تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ ثقافت کے حوالے سے یقیناً اس وقت مملکت میں بہت کچھ ہو رہا ہے اور سعودی بصری ثقافت کے حوالے سے لندن میں اس کا حصہ بننا سوتبھی کے لیے ایک حیرت انگیز اور خوشگوار لمحہ ہے۔
رائے نے بتایا ہے کہ نمائش میں ہمیں یہ دیکھنے کو ملتا ہے کہ مملکت میں موجودہ فنکارعالمی ترقی میں کیسے حصہ  لے رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ ’خمسین شو‘ مزید نمائشوں کی جانب پہلا قدم ہو گا۔

قرآنی آیات کی غیرمعمولی خطاطی کے 28 شاندار تغرے موجود ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

حفلہ کے تحت دوسری نمائش میں برطانیہ کے لگژری برانڈ کی طرف سے شہزادی نورہ الفیصل کے قائم کردہ زیورات کے برانڈ  کے تعاون سے تیار کردہ ہینڈ بیگز کی کلیکشن ہے۔
الیگزینڈرا رائے نے بتایا ’ شہزادی نورہ کے ساتھ ہم کئی برسوں سے رابطے میں ہیں، وہ انتہائی دلچسپ شخصیت ہیں اور ان کے پاس بہت سے ذاتی منصوبے ہیں جن پر وہ کام کر رہی ہیں۔
شہزادی نورہ سعودی ثقافتی منظر نامے میں بہت ہی اہم اور نمایاں شخصیت ہیں۔ ان کی جانب سے نمائش میں حصہ لینا انتہائی خوش کن ہے، ہم حفلہ کے زیر عنوان کئی تقریبات اور گفتگو اور دیگر اقدامات کر رہے ہیں۔

امید ہے ’خمسین شو‘ مزید نمائشوں کی جانب پہلا قدم ہو گا۔ فوٹو عرب نیوز

حفلہ کے زیرعنوان اسلامی فن کے ماہر بشیر محمد کی خاندانی کلیکشن کے  قرآنی آیات کی غیرمعمولی خطاطی کے 28 شاندار تغرے رکھے گئے ہیں۔
حفلہ کے تحت A 2 Z شاندار جیولری کی نمائش کی گئی ہے جس میں خلیج کے معروف زیورات اور آرٹ ایڈوائزر عبدالرحمن الزیانی کی تیار کردہ شاندار کولیکشن رکھی گئی ہے۔

 منفرد زیورات اور ہینڈ بیگز نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔ فوٹو عرب نیوز

سوتھبی میں مشرقی ڈیزائن سے متاثر تقریباً 140 مختلف اور منفرد زیورات نمائش اور فروخت کے لیے رکھے گئے ہیں۔
حفلہ کے زیر تحت یہ نمائش لندن میں ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب برطانیہ  میں اسلامو فوبیا کو بھڑکانے والے دائیں بازو کے گروہوں کی وجہ سے ملک کو بدامنی کا سامنا ہے۔

شیئر: