کنگ عبدالعزیز مقابلہ حسن قرات کے شرکا کا غلاف کعبہ فیکٹری اور حرا ثقافتی مرکز کا دورہ
کنگ عبدالعزیز مقابلہ حسن قرات کے شرکا کا غلاف کعبہ فیکٹری اور حرا ثقافتی مرکز کا دورہ
بدھ 21 اگست 2024 6:07
شرکاء نے غلاف کعبہ کی تیاری کے مختلف مراحل دیکھے۔ (فوٹو ایس پی اے)
کنگ عبدالعزیز بین الاقوامی مقابلہ برائے حفظ قرآن، تلاوت اور تفسیر قرآن کے شرکا نے منگل کو کنگ عبدالعزیز کمپلیکس میں کسوۃ کعبہ فیکٹری، مشاعر مقدسہ (منی، عرفات اور مزدلفہ) اور حرا ثقافتی مرکز کا دورہ کیا۔
سرکاری خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق شرکا نے غلاف کعبہ کی تیاری کے مختلف مراحل دیکھے اور فیکڑی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا۔
اس موقع پر شرکا کو غلاف کعبہ کی تاریخ، اس کی تیاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ایسے ماڈلز اور تصاویر بھی دیکھیں جو غلاف کعبہ کی تیاری کے تاریخی مراحل کے حوالے سے تھیں۔ شرکاء نے غلاف کعبہ کی تیاری کے مختلف مراحل میں بھی حصہ لیا۔
بعدازاں مشاعر مقدسہ (منی، عرفات اور مزدلفہ) کا دورہ کیا۔ انہوں نے جبل الرحمہ، مسجد نمرہ، تینوں جمرات، مسجد خیف اور جمرات پل دیکھا۔ انہوں نے حرمین شریفین اور دیگر مقامات مقدسہ آنے والے زائرین کو بہترین خدمات فراہم کرنے پر مملکت کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
ثقافتی دورے کا اختتام جبل النور میں حرا ثقافتی مرکز کے دورے کے ساتھ ہوا۔ حرا ثقافتی مرکزمیں مہمانوں کو وحی نمائش کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ اسلامی تاریخ کے آغاز اور پہلی وحی کے نزول کی کہانی منفرد خاکوں کی مدد سے بیان کی گئی۔ مرکز میں موجود خاص پویلین ’وحی نمائش‘ میں آڈیو اور وڈؓو کی مدد سے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ کے مختلف پہلووں سے آگاہ کیا گیا۔
بین الاقوامی مقابلے کے شرکا نے اسلامی مقاصد کی خدمت، مشرق و مغرب میں دنیا بھر کے مسلمانوں کی خدمت اور مکہ مکرمہ و مشاعر مقدسہ میں نئے منصوبوں کی تعریف کی جس سے یہاں آنے والے عمرہ اور حج کے زائرین آسانی اور سہولت محسوس کرتے ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں