عرب اسلامی وزارتی کمیٹی کا نیویارک میں رابطہ اجلاس
اتوار 22 ستمبر 2024 21:26
غزہ کی صورتحال سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ( فوٹو: ایس پی اے)
غزہ کی صورتحال پر مشترکہ عرب اور اسلامی وزارتی کمیٹی نے اتوار کو سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی سربراہی میں ایک رابطہ اجلاس کیا۔
ایس پی اے کے مطابق اجلاس میں فلسطینی وزیراعظم و وزیرخارجہ ڈاکٹر محمد مصطفی، اردن کے نائب وزیر اعظم و وزیرخارجہ ایمن الصفدی، مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی، بحرینی وزیر خارجہ عبداللطیف الزیانی، ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان، انڈونیشی وزیر خارجہ ریتنو مرسودی، قطر کے وزیر ڈاکٹر محمد الخلیفی شریک ہوئے۔
عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل ابو الغیط اور اور اوآئی سی کے سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طحہ نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں جنرل اسمبلی اجلاس کےدوران فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے، آزاد ریاست کا قیام یقینی بنانے کے حوالے سے عرب اور اسلامی مہم کو تیز کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فلسطینی عوام کا حق ہے کہ وہ 4 جون 1967 کی سرحدوں پر آزاد اور خود مختار ریاست قائم کریں جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہو۔
اجلاس میں متعدد امورپر تبادلہ خیال کیا گیا، خاص طور پر غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو روکنے کی کوششیں، مغربی کنارے میں خطرناک کشیدگی، انسانی تباہی کا خاتمہ اور تمام متاثرہ علاقوں میں انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانا شامل ہے۔
اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمن الداود اور وزارت خارجہ کی مشیر ڈاکٹر منال رضوان نے بھی شرکت کی۔