مصر میں منشیات اسمگل کرنے کی بڑی کوشش ناکام
جمعرات 26 ستمبر 2024 21:30
ضبط کی جانے والی منشیات قالینوں کے کنٹینر میں لائی جا رہی تھی(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
مصری انسداد منشیات کے ادارے نے سب سے بڑی منشیات اسمگلنگ کی کارروائی کو ناکام بنا دیا۔ کنٹینر سے برآمد ہونے والی منشیات کی تخمینی لاگت 1.5 ارب مصری پونڈ بتائی جارہی ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق مصری اینٹی نارکوٹکس فورس کو اطلاع ملی کہ بورسعید بندرگاہ پر آنے والے ایک کنٹینر میں بڑی مقدار میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
اطلاع ملنے پر محکمہ انسداد منشیات کی ٹیموں نے کنٹیر کا معائنہ کیا جس میں بڑی مقدار میں مختلف نوعیت کی منشیات لائی جارہی تھیں۔
محکمہ کی ٹیموں نے تحقیقات کیں تو معلوم ہوا کہ درآمد کنندہ نے کاغذات میں جو سامان درج کیا تھا وہ مختلف نوعیت کے قالین تھے۔ اسمگلرز نے قالینوں کی کھیپ میں بڑی تعداد میں منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔
ادارے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کنٹینر سے برآمد ہونے والی منشیات اب تک پکڑی جانے والی سب سے بڑی کھیپ ہے جس کی مجموعی مالیت 1.5 ارب پونڈ ہے۔
سیکیورٹی فورسز نے منشیات اسمگل کرنے کے الزام میں کمپنی جس کے نام پر کنٹینربک کرایا گیا تھا کے مالک کو اسکے 9 ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے جبکہ گروہ کے باقی تین عناصر کو جو بیرون ملک فرار ہو گئے تھے کو گرفتار کرنے کے لیے انٹرپول سے رابطہ کیا گیا ہے۔