Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی دوائیں 35 ملکوں میں، سب سے بڑا خریدار امارات

مارکیٹ کو ناقص مصنوعات سے محفوظ رکھنے میں کامیابی حاصل کی۔ (فوٹو العربیہ نیٹ)
سعودی عرب میں فارماسوٹیکل مارکیٹ سب سے تیزی سے بڑھتی ہوئی مارکیٹوں میں سے ایک بن گئی ہے۔ حکومتی سپورٹ ہونے سے دواوں کی برآمد اور مقامی سطح پر تیاری کے مواقع بڑھ گئے ہیں۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی عرب فارماسوٹیکل سیکٹر کی لوکلائزیشن کی جانب گامزن ہے۔ فیڈریشن آف سعودی چیمبرز میں فارماسوٹیکل انڈسٹریز کی قومی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر عبدالرحمن المطیری نے کہا کہ گزشتہ سال سعودی عرب نے 30 ارب ریال کی دوائیں درآمد کیں۔ ان میں امریکہ، جرمنی، فرانس، برطانیہ، کینیڈا، جاپان، آئرلینڈ اور اردن نمایاں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی فارماسیوٹیکل مارکیٹ کا شمار خطے کی سب سے بڑی اور تیزی سے ترقی کرنے والی مارکیٹوں میں ہوتا ہے۔سعودی میڈیسن کی برآمدات کا حجم 2 ارب ریال ہے جس میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
نیشنل کمیٹی فار فارماسیوٹیکل انڈسٹریز کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ سعودی فارماسیوٹیکل برآمدات مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ سمیت 35 ممالک تک جاتی ہیں۔ متحدہ عرب امارات سعودی دواوں کا سب سے بڑا خریدار ہے۔ اس کے بعد مصر اور عراق کا نمبر ہے۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آنے والے برسوں میں سعودی عرب میں فارماسوٹیکل مارکیٹ کا حجم 42 ارب ریال سے بڑھ کر 50 ارب ریال سے زائد ہوجائے گا۔
 ڈاکٹرعبدالرحمن المطیری نے مزید کہا  سعودی عرب میں مقامی فارماسوٹیکل کمپنیوں کی فیکٹریوں کی تعداد تقریبا 30 تک پہنچ چکی ہے جبکہ یہ کمپنیاں سعودی مارکیٹ میں دواؤں کی ضروریات کا 30 فیصد حصہ فراہم کررہی ہیں۔ سعودی مارکیٹ میں ان کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا حجم 15 ارب ریال کی حد عبور کرچکا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: