عمانی خبررساں ادارے کے مطابق عمان کی اعلی کمیٹی نے بدھ کو وزیر داخلہ حمود بن فیصل البوسعیدی کی صدارت میں اجلاس کرکے نئے کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی پر غوروخوض کیا تھا.
اجلاس میں کمیٹی کے تمام ارکان شریک ہوئے. انہوں نے وبا کی تازہ صورتحال ، اس سے بچنے کے لیے مقرر اقدامات، اسے پھیلنے سے روکنے کے طور طریقوں اور وبا سے پیدا ہونے والے مسائل پر قابو پانے کی تدابیر پر غوروخوض کیا.
سلطنت عمان کی اعلی کمیٹی نے تمام سرکاری اداروں کو ہدایت کی کہ 31 مئی سے کم از کم 50 فیصد سرکاری ملازمین کی دفاتر واپسی کو یقینی بنائیں.
سلطنت عمان کی اعلی کمیٹی نے ملک میں کورونا وائرس سے مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کےتناظر میں تاکید کی کہ عام افراد اور پورا معاشرہ وائرس سے بچاؤ کے سلسلے میں اپنی ذمہ داری ادا کریں. مہلک وائرس کو پھیلنے اور لگنے سے روکنے کے لیے مقرر تدابیر کی پابندی کریں.
اعلی کمیٹی نے سرکاری اور نجی اداروں کو ہداییت کی کہ وہ اپنے ملازمین کو مہلک وائرس سے بچانے والی حکمت عملی ترتیب دیں اور ایسے قواعد و ضوابط بنائیں جن کی بدولت ملازمین وائرس لگنے سے محفوظ رہیں.
دریں اثنا عمان میں بدھ کو کورونا وائرس کے 255 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس سے متاثرین کی کل تعداد 8373 ہوگئی.