مسجد نبوی میں کورونا سے حفاظت کےلیے احتیاطی اقدامات میں اضافہ کیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کی انتظامیہ نے کورونا سے بچاؤ کے لیے مسجد نبوی میں احتیاطی تدابیر میں اضافہ کرتے ہوئے آنے والوں کےلیے 14 دروازے مخصوص کردیے ہیں۔
ویب نیوز ’سبق‘ کے مطابق مسجد نبوی آنے والوں کے لیے جن 14 دروازوں کو مخصوص کیا گیا ہے ان میں شمالی سمت کے دروزاہ نمبر 338 ،334 ،334 ، 3328 اور 2239 شامل ہیں جبکہ جنوبی سمت سے تین اور مغربی سمت سے چار دروازے اور مشرقی سمت کے دو دروازے جن میں 364 اور351 شامل ہیں۔
کورونا سے بچاؤ کےلیے احتیاطی تدابیر پرسختی سے عمل کیا جا رہا ہے اس ضمن میں صرف وہ افراد ہی مسجد نبوی میں داخل ہوسکتے ہیں جن کے توکلنا پرمٹ پر’ویکسین کی پہلی خوراک سے محفوظ‘، ’محفوظ‘ یا ’شفایابی کے بعد محفوظ‘ کا اسٹیٹس ہو اس کے علاوہ کسی کو مسجد نبوی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں۔
مسجد نبوی کی پارکنگ میں بھی آنے والے زائرین کا توکلنا سٹیٹس اور جسمانی درجہ حرارت نوٹ کیا جاتا ہے اگرکسی کے پاس توکلنا ہے مگر اس کے سٹیٹس میں’محفوظ‘ کی علامت نہیں تو اسے مسجد نبوی میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے زائرین کے لیے کھولے گئے دروازوں پر بھی جسمانی درجہ حرارت نوٹ کرنے والے ڈیجیٹل کمپیوٹرائزتھرما میٹرز نصب کیے ہیں جن کے ذریعے ہر آنے والے کی نگرانی کی جاسکتی ہے۔
مذکورہ تھرمامیٹر کافی دوری سے بھی لوگوں کے جسمانی درجہ حرارت کو نوٹ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اگر کسی کا جسمانی درجہ حرارت بڑھا ہوا ہو تو کمپیوٹر اس کی شناخت کرکے اس کے بارے میں اہلکار کو مطلع کردے گا۔