Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور انڈیا کا میچ کمزور دل والوں کے لیے نہیں ہے: شعیب اختر

پاکستانی ٹیم نے جمعرات کو احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں پریکٹس کی (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ ’انڈیا اور پاکستان کا کرکٹ میچ کمزور دل والے افراد کے لیے نہیں ہے۔‘
این ڈی ٹی وی کے مطابق شعیب اختر نے ریو سپورٹس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ اچھے خاصے بہادر ہیں تو تب ہی آپ اس مقابلے سے لطف انداز ہو پائیں گے۔‘
راولپنڈی ایکسپریس نے اس میچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اگر آپ اچھے خاصے بہادر ہیں تو آپ مقابلے سے محظوظ ہو پائیں گے۔‘
اگر آپ بزدل ہیں تو یہ مقابلہ کمزور دل والے افراد کے لیے نہیں ہے۔ یہ مقابلہ اُن لوگوں (کھلاڑیوں) کے لیے جو اپنا نام بڑا کرنا چاہتے ہیں۔ جو سپرسٹار بننا چاہتے ہیں۔‘
سابق سپیڈ سٹار نے مزید کہا کہ ’گذشتہ سال میں دبئی میں ایک چینل کے ساتھ شو کر رہا تھا۔ انہوں نے ہر چیز کو نیلا پینٹ کر دیا اور وہ ایک ہی بات کر رہے تھے کہ ٹیم انڈیا پاکستان کو پچھاڑ دے گی۔ ایسا پریشر کون بناتا ہے؟ جب آپ ہمیں ’انڈر ڈاگ‘ بناتے ہیں تو ہم پر پریشر ختم ہو جاتا ہے۔‘
اس میچ کے حوالے سے شعیب اختر کہتے ہیں کہ ’ہم اب کیا کریں گے؟ ہمارے پاس تو کھونے کو کچھ نہیں ہے، پاکستان انڈیا کو سب سے بڑی ٹی آر پی (ٹی وی ریٹنگ) دینے میں مدد کر رہا ہے کیونکہ میرے خیال سے انڈیا کو سب سے بڑا ورلڈ کپ کروانا چاہیے۔ یہ اب تک کا سب سے شاندار ورلڈ کپ ہونا چاہیے۔‘
راولپنڈی ایکسپریس نے بابر اعظم کی ٹیم پاکستان کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانی ٹیم انڈیا کو انڈیا میں ہرائے گی اور ورلڈ کپ جیتے گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں سمجھتا ہوں کہ پاکستان کے لیے انڈیا کو ہرانا آسان ہوگا کیونکہ ٹی وی رائٹس، سپانسرشپ آپ کی ہے۔ آپ پھنسے ہوئے ہیں، ہم نہیں۔‘
’بابر اعظم اور ٹیم کو جارحانہ انداز اور سمجھداری سے کھیلنا ہوگا۔ یہ انڈیا کی وکٹیں ہیں، آپ (پاکستان) جیت جاؤ گے۔ آپ انڈیا کو ہراؤ، آپ احمدآباد میں فائنل کھیلو گے، میں آپ کے ساتھ ہوں۔‘
خیال رہے کہ پاکستان اور انڈیا کے درمیان آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کا ہائی وولٹیج میچ سنیچر کو احمدآباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور انڈیا اب تک ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ میں سات مرتبہ آمنے سامنے آئے ہیں جس میں ساتوں مرتبہ انڈیا نے فتح حاصل کی ہے۔

شیئر: