ابوظبی کے شاپنگ سینٹرز میں ڈیلیوری ورکرز کے لیے ریسٹ ایریا
اس اقدام کا مقصد ورکرز کےلیے کام کے ماحول کو بہتر بنانا ہے۔(فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات ابوظبی میں محکمہ بلدیات و ٹرانسپورٹ کی سربراہی میں مشترکہ ٹریفک سیفٹی کمیٹی نے ابوظبی کے شاپنگ سینٹرز میں ڈیلیوری سیکٹر میں کام کرنے والے موئر سائیکل رائیڈرز کے لیے ایک کورڈ ریسٹ سٹاپ فراہم کرنے کے اقدام کا آغاز کیا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق اس اقدام کا مقصد سڑکوں پر ٹریفک سیفٹی کو بڑھانا اور ڈیلیوری سیکٹر میں کام کرنے والے ورکرز کےلیے کام کے ماحول کو بہتر بنانا ہے۔
مشترکہ ٹریفک سیفٹی کمیٹی نے امارت میں شاپنگ مال انتظامیہ کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ مختلف موسمی صورتحال خصوصا سخت گرمی میں ڈیلیوری ورکرز کے کام کے حالات کو بہتر بنانے میں حصہ لیں۔
شاپنگ مال انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ریسٹ ایریا میں واٹر کولر، موبائل فون چارجنگ سٹیشن فراہم کریں اور انہیں عام پک اپ اور ڈراپ آف پوائنٹس کے قریب رکھ کر ڈیلیوری ورکرز کے لیے قابل رسائی بنائیں۔
مشترکہ کمیٹی کی یہ کاوشیں چار بسوں کے لیے پارکنگ پرمٹ فراہم کرنے کا تسلسل ہیں۔ خلیفہ سٹی، شمخہ، الوثبہ، اور العین سٹی میں ڈرائیوروں کے لیے عارضی شیلٹرز کے طور پر مختص کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ، ابوظبی جزیرہ، خلیفہ سٹی، اور شاخبوط سٹی میں چار منتخب کردہ مقامات پر مستقل ریسٹ ایریا قائم کیے جا رہے ہیں۔
مشترکہ ٹریفک سیفٹی کمیٹی اپنی کوششوں کے ذریعے امارات کی سڑکوں پر کوی ریگولیٹری فیصلوں اور اقدامات تجویز اور ان پر عملدر آمد کرتی ہے۔
ان اقدامات کا مقصد ٹریفک حادثات اوراس کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کو کم کرنا ہے۔
میڈیا کے ذریعے ٹریفک ایجوکیشن اور آگاہی پروگرام، محفوظ ڈرائیونگ طریقوں کے فروغ سمیت کمیونٹی کے مختلف طبقات کے ساتھ تعاون کو بڑھانا شامل ہے۔