Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بائیڈن مشرق وسطیٰ کے بحران، روس اور یوکرین جنگ کے ذمہ دار ہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

ڈونلڈ ٹرمپ ایک مرتبہ پھر صدارتی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے متعدد محاذوں پر لڑنے کے لیے جو بائیڈن اور ان کی انتظامیہ کی خارجہ پالیسی کی ناکامیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ صدر ہوتے تو سات اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ نہ ہوا ہوتا۔
عرب نیوز کے مطابق اتوار کو العربیہ کی نادیہ البلبیسی چارٹرز کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’اگر میں صدر ہوتا تو یہ جنگ کبھی شروع نہ ہوتی۔ اتنے لوگ موت کے منہ میں نہ جاتے، نہ شہر اور علاقے تباہ ہوتے اور سات اکتوبر بھی نہ ہوتا۔‘
ریپبلکن کے صدارتی امیدوار نے لبنان کی حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان بڑھتے ہوئے تنازع، روس اور یوکرین کی جنگ اور انتخابات جیتنے کی صورت میں ابراہام معاہدے کو وسعت دینے کی خواہش پر گفتگو کی۔
سابق صدر ڈونلڈ  ٹرمپ کے دور حکومت میں اسرائیل نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے معاہدوں پر دستخط کیے جنہیں ابراہام معاہدے کے نام سے جانا جاتا ہے۔
15 ستمبر 2020 کو وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ کے ساتھ، یہ معاہدہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور متحدہ عرب امارات اور بحرین کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہوا تھا۔
اپنے دوطرفہ معاہدوں میں، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل کی خودمختاری کو تسلیم کیا تھا جس کے بعد مکمل سفارتی تعلقات قائم ہوئے۔ سوڈان اور مراکش نے بھی اسرائیل کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کیے تھے۔
حال ہی میں، بحرین کی پارلیمان نے غزہ پر اسرائیل کے حملوں کے بعد تل ابیب سے اقتصادی تعلقات کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 42 ہزار 603 ​​افراد ہلاک اور 99 ہزار 795 زخمی ہو چکے ہیں۔
تنازع کے خاتمے کے مطالبات کو نظر انداز کرتے ہوئے اسرائیل نے ایران کی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ، فلسطینی تنظیموں اور ان کے اتحادیوں کے ساتھ جنگ ​​میں لبنان کے وسیع علاقوں پر حملہ کرکے کشیدگی کو بڑھا دیا ہے۔

غزہ پر اسرائیلی حملوں میں اب تک کم از کم 42 ہزار 603 ​​افراد ہلاک ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

امریکی صدر جو بائیڈن کی نیتن یاہو کو روکنے میں ناکامی نے امریکی مسلمان ووٹرز کو پانچ نومبر کے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈیموکریٹک امیدوار نائب صدر کملا ہیرس کی حمایت کرنے یا نہ کرنے پر تقسیم کر دیا ہے۔
ستمبر کو ایک پریس کانفرنس میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ اسرائیل کو جنگ ختم کرنے پر قائل کر سکتے ہیں جس کے بارے میں انہوں نے کہا تھا کہ یہ جنگ کسی نہ کسی طریقے ختم ہونی چاہیے۔
العربیہ کے ساتھ انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ دوبارہ صدر بنتے ہیں تو وہ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کے ساتھ مل کر خطے میں امن کی بحالی کے لیے کام کریں گے۔

شیئر: