Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

واپس آنے والے شہریوں کے لیے گائیڈ بک

غیرضروری ملاقاتوں اور گھر سے نکلنے سے پرہیز کریں(فوٹو عرب نیوز)
سعودی وزارت صحت نے وطن واپس آنے والے سعودی شہریوں کے لیے کورنا وائرس سے بچنے کے لیے احتیاطی گائیڈ بک جاری کی ہے۔
سعودی عرب کے سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے نے واضح کیا ہے کہ مملکت میں داخل ہونے والے سعودی شہریوں کے لیے وزارت صحت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاو کی حفاظتی اور احتیاطی تدابیر پر مشتمل جاری کیا جانے والا کتابچہ وبائی امراض کی روک تھام کی کوششوں کا حصہ ہے۔

کورونا وائرس ایسا نہیں جس کے اثرات ہوا میں موجود ہوں(فوٹوالشرق الاوسط)

وزارت نے ایک ٹویٹ مں کہا ہے کہ سعودی عرب آنے والے شہریوں کو واپسی سے پہلے ہی اپنے آپ کو الگ تھلگ رکھنا چاہئیے۔ وہ جہاں کہیں رہ رہے ہیں وہاں بھی ایک دوسرے سےغیرضروری ملاقاتوں اور گھر سے نکلنے سے پرہیز کریں۔
تمام شہریوں کو حفظان صحت کے رہنما اصولوں پر عمل کرنا چاہیے،جس میں صابن کے ساتھ ہاتھ دھونے اور سینیٹائزر کا استعمال شامل ہے۔

شہریوں کو واپسی سے پہلے ہی اپنے آپ کو الگ تھلگ رکھنا چاہئیے(فوٹو عرب نیوز)

وزارت صحت نے شہریوں کو یہ بھی کہا ہے کہ ائیرپورٹ پر دوسرے افراد سے مناسب اور محفوظ فاصلہ رکھیں اور ماسک کا استعمال کریں۔
مزید احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے کسی دوسرے کی چیز کو ہاتھ مت لگائیں اور اپنی کوئی چیز بھی کسی دوسرے کو مت دیں۔
اگر کسی میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر ہوں تو فوری طور پر دوسروں سے الگ ہو کر وزارت صحت کو مطلع کرے۔
مملکت میں داخل ہونے والوں کو کسی جگہ بھی نقد رقم کے لین دین سے پرہیز کرنی چاہئے اور اس کی بجائے بینک کارڈ استعمال کیا جائے۔

ائیرپورٹ پر دوسرے افراد سے مناسب اور محفوظ فاصلہ رکھیں(فوٹو ٹوئٹر)

وزارت صحت نے اس بات سے بھی متنبہ کیا ہے کہ جب تک کوئی شخص سانس کی علامات بگڑنے کی شکایت نہ کرے یا کورنا وائرس سے متاثرہ مریض کی دیکھ بھال کے لیے اس کے قریب نہ ہو اسے ماسک پہننے کی ضرورت نہیں۔
اس بات کی بھی واضح نشاندہی کی گئی ہے کہ کورونا وائرس ایسا جراثیم نہیں ہے جس کے کوئی اثرات ہوا میں موجود ہوں بلکہ یہ کھانسی یا چھینک کے ذریعے پھیلتا ہے۔
سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس میں مبتلا مزید 382 مریضوں کی تصدیق ہونے کے بعد مجموعی تعداد 4033 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ مملکت میں اب تک ’کورونا وائرس سے 52 افراد ہلاک جبکہ اب تک 720 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

شیئر: