Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیس بک اکاؤنٹ ہیک یا محفوظ ہے، کیسے چیک کریں؟

ہیکنگ کی جدید تکنیکس کی وجہ سے بعض اوقات ہم اکاؤنٹ کمپرومائز ہونے سے لاعلم رہتے ہیں (فوٹو: ٹوئٹر)
سوشل میڈیا روزمرہ زندگی کا حصہ بنا تو معمولات زندگی کی تقریبا ہر سرگرمی اس کی ٹائم لائنز پر سجنے لگی۔ کچھ لوگوں نے اسے محض سماجی رابطوں تک محدود رکھا تو کچھ پروفیشنل زندگی کو بھی اس سے متعلق کر گئے۔
اس پس منظر کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز باالخصوص فیس بک پر ذاتی اکاؤنٹس کا محفوظ رہنا نت نئی ہیکنگ تکنیکس کی وجہ سے دشوار ہوتا چلا گیا۔ 
اب نوبت یہاں تک آ پہنچی کہ بسا اوقات فیس بک اکاؤنٹ ہیک ہو چکا ہوتا ہے اور اصل صارف کو علم ہی نہیں ہوتا کہ وہ کس خطرے کا شکار ہو چکا ہے یا ہونے جا رہا ہے۔
ذیل میں انتہائی آسان سا ایک طریقہ آپ سے شیئر کیا جا رہا ہے جس پر عمل کر کے ناصرف اپنے اکاؤنٹ کو محفوظ رکھ سکتے ہیں بلکہ اس کے محفوظ رہنے یا ہیک ہو جانے سے متعلق یکسوئی بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
اکاؤنٹ کو ہیکنگ سے محفوظ رکھنے کے لیے بہتر ہے کہ ہر کچھ عرصے بعد اپنے فیس بک اکاؤنٹ کو پرکھ لیا جائے۔
اس مقصد کے لیے درج ذیل طریقے پر عمل کیا جا سکتا ہے۔
فیس بک پروفائل پیج کے ہیڈر کے دائیں کنارے پر الٹی تکون کے نشان (ڈراپ ڈاؤن) پر کلک کریں۔
ڈراپ ڈاؤن مینیو کھلنے کے بعد سیٹنگ و پرائیویسی (ترتیبات) پر کلک کریں۔ یہاں آپ کو دیگر بہت سارے آپشنز کے ساتھ سیٹنگ کا آپشن دکھائی دے گا اس پر کلک کریں تو یہ آپ کو جنرل اکاؤنٹ سیٹنگ پیج پر لے جائے گا۔
بائیں سائیڈ پر فیس بک لوگو کے نیچے دکھائی دینے والے ٹیبز میں سے ’سکیورٹی اینڈ لاگ ان‘ کے آپشن پر جائیں۔

سیٹنگ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آپ کے اکاؤنٹ کو کن ڈیوائسز اور کن مقامات سے ایکسز کیا جا رہا ہے (فوٹو: سوشل میڈیا)

اس جگہ ان ڈیوائسز اور مقامات کے بارے میں نشاندہی کی گئی ہو گی جن پر آپ نے اپنا فیس بک اکاؤنٹ لاگ ان کیا ہوتا ہے۔
اگر اس آپشن پر کوئی ایسی ڈیوائس یا جگہ دکھائی دے جو آپ کے لیے اجنبی ہو تو سمجھ لیں کہ آپ کا اکاؤنٹ محفوظ نہیں رہا بلکہ ہیک ہو چکا ہے۔

اکاؤنٹ کو محفوظ کیسے کریں؟

کسی اجنبی ڈیوائس یا مقام سے لاگ ان ہوا دیکھ کر فوری طور پر اپنا پاس ورڈ تبدیل کر لیں۔ ایسا کرنے سے قبل جن ڈیوائسز پر اکاؤنٹ لاگ ان ہو ان سبھی سے لاگ آؤٹ کر لیں۔

اکاؤنٹ محفوظ بنانے کے لیے پہلے سے لاگ ان سیشنز کو لاگ آؤٹ کر دیں (سکرین شاٹ)

یقینی بنائیں کہ آپ کا نیا پاس ورڈ کوئی عام سا لفظ نہ ہو بلکہ اس کا محفوظ ہونا ہی بہتر ہے۔ پاس ورڈ تبدیل کرنے کے ساتھ ہی اسے کسی جگہ لکھ لیں تاکہ آپ بھولے سے محفوظ رہ سکیں۔
اگر آپ نے اب تک آن نہیں کیا ہے تو اپنے اکاؤنٹس پر فورا ٹو فیکٹر آتھینٹیکیشن کا فیچر آن کر لیں۔ بہتر ہے کہ یہ آخری سرگرمی اپنے فون سے کریں۔

اضافی حفاظتی انتظام بھی اپنائیں

پاسورڈ تبدیل کرنے کے آپشن کے بعد ’سیٹنگ اپ ایکسڑا سکیورٹی‘ کے فیچر کا انتخاب کریں اور کسی بھی ’بغیر اجازت لاگ ان‘ کو جاننے کے لیے الرٹ آن کر لیں۔
اسی مقام پر ایک اضافی آپشن ہوتا ہے جس میں آپ کو تین سے پانچ دوست منتخب کرنے کا کہا جاتا ہے کہ اگر کبھی آپ اکاؤنٹ تک رسائی حاصل نہ کر پا رہے ہوں تو ان کنٹیکٹس کے ذریعے اپنا ایکسس بحال کر سکتے ہیں۔
واٹس ایپ پر خبروں کے لیے ’اردو نیوز‘ گروپ جوائن کریں

شیئر: