Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

راس الخیمہ میں آتش بازی نے گنیز ورلڈ کے 2 ریکارڈ توڑ دیے

آتش بازی کا مظاہرہ 1055.8میٹرکی بلندی سے کیا جارہا تھا۔ (فوٹو عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ میں نئے سال 2022 کی آمد کے موقع پر کی جانے والی خوبصورت آتش بازی نے یہاں موجود اور دنیا بھر سے دیکھنے والے لاکھوں مداحوں کو حیران کر دیا۔
عرب نیوز کے مطابق سال نو کے استقبال کی تقریب کے موقع پر ہونے والی اس آتش بازی نے دوگینز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیئے۔
خوبصورت آتش بازی کا پہلا گنیز ورلڈ ریکارڈ  ٹائٹل دنیا میں کسی بھی اونچائی سے ملٹی روٹرز اور ڈرون فائر ورکس ڈسپلے پر تھا۔ آتش بازی کا یہ مظاہرہ 1055.8میٹرکی بلندی سے کیا جارہا تھا۔
دوسرے گنیز ورلڈ ریکارڈ کا ٹائٹل سب سے زیادہ ریموٹ سے چلنے والے ملٹی روٹرز/ڈرونز پر تھا جو بیک وقت آتش بازی کے لیے استعمال کئے جا رہے تھے۔ اس موقع پر 452 ڈرونز نے آسمان پر نئے سال کے تہنیتی پیغام کا انتہائی خوبصورت منظرآتش بازی کے ذریعے روشن کیا۔
متحدہ عرب امارات کی 50 ویں سالگرہ کے کے موقع پر منائی جانیوالی تقریبات کے سلسلے میں یہ راس الخیمہ کےعوام کے لیے بہترین خراج تحسین تھا جو موسیقی کی دھنوں کے ساتھ 12منٹ تک جاری رہا۔
آتش بازی کے آخری مظاہرے میں رنگا رنگ روشنیوں کے جھرمٹ میں خوبصورت انداز سے سفید رنگ کا ایک بڑا حصہ دکھایا گیا جس سے نئے سال کی آمد پر 'امید اور امنگ' کے پیغام کا تاثر ابھرتا ہے۔

راس الخیمہ کو سیاحتی مقام کے طور پر نمایاں طور پر اجاگر کیا گیا ہے۔(فوٹو ٹوئٹر)

راس الخیمہ میں آتش بازی کے لیے قائم آرگنائزنگ کمیٹی کے ترجمان نے اس موقع پر کہا کہ 'رینکی 2022' کےعنوان سے کی جانے والی یہ آتش بازی راس الخیمہ اور متحدہ عرب امارات کی قیادت اورعوام کے لیے خراج تحسین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آتش بازی کا یہ مظاہرہ نہ صرف اپنے ملک کی 50 ویں سالگرہ کے لیے تحفہ ہے بلکہ آئندہ 50 برسوں کی تیاری کے لیے ایک پیغام بھی ہے۔
آرگنائزنگ کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آتش بازی کی اس تقریب کے ساتھ ہم نے ایک بار پھر راس الخیمہ کی حیثیت کو سیاحتی مقام کے طور پر نمایاں طور پر اجاگر کیا ہے اور یہ دنیا بھر سے آنے والے زائرین کو ہماری جانب سے خوش آمدید ہے۔
 

شیئر: