Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فواد چوہدری کا عمران خان اور نواز شریف کو تلخیاں کم کرنے کا مشورہ

فواد چوہدری نو مئی کو ملک میں ہونے والے پُرتشدد واقعات کے تناظر میں پی ٹی آئی چھوڑ کر استحکامِ پاکستان پارٹی میں شامل ہوئے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما فواد چوہدری نے سابق وزیراعظم عمران خان اور اسٹیبلشمنٹ کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ملک میں عام انتخابات سے قبل تلخیوں کو ختم کریں۔
منگل کو ایک بیان میں ان کا کہنا تھ کہ ’مجھے تو یہ سمجھ نہیں آ رہا کہ اتنی تلخیوں میں ہم آگے کیسے چلیں گے؟ پاکستان کے اندر جو اس وقت صورتحال ہے وہ نارمل نہیں ہے۔‘
نو مئی کو ملک میں ہونے والے پُرتشدد واقعات کے تناظر میں پی ٹی آئی چھوڑ کر جہانگیر ترین کی جماعت استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ الیکشن سے قبل سابق وزرا اعظم عمران خان اور نواز شریف کے درمیان صلح ضروری ہے تاکہ ملک ’نارمل‘ ہو سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور اسٹبلشمنٹ کے درمیان جو دوریاں ہیں، جو تلخیاں ہیں ان کو کم ہونے کی ضرورت ہے۔ پھر عمران خان اور نواز شریف کے درمیان جو تلخیاں ہیں ان کم ہونے کی ضرورت ہے۔‘
فواد چوہدری نے اپنی ایک ٹویٹ میں اپنے مشورے کے حوالے سے لکھا کہ ’یہی ملک کا مفاد ہے۔‘
فواد چوہدری کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہے صارفین اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔
صحافی و اینکر پرسن اجمل جامی نے اس حوالے سے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’چوہدری صاحب بخوبی جانتے ہیں کہ سیاستدان ڈیڈ اینڈ پر پہنچنے کے بجائے حل نکالا کرتے ہیں؟‘
انہوں نے سوال اٹھایا کہ پہلے ’ایسا کیوں نہ ہوا؟ یہ بھی چوہدری صاحب ہی بہتر بتا سکتے ہیں۔‘

فواد چوہدری کے اس بیان کے بعد خصوصاً پی ٹی آئی کے حامی صارفین سابق وفاقی وزیر پر تنقید کر رہے ہیں بلکہ کچھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ شاید فواد چوہدری پی ٹی آئی میں واپس آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
شمس خٹک نامی صارف نے فواد چوہدری کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’دوریاں ختم کرنے کے مشورے کا یہی مطلب ہے کہ جیسے باقی مِل بانٹ کر کھا رہے ہیں عمران خان بھی ویسا ہی کرے، یہ ملک سے غداری اور کروڑوں نوجوانوں کی امید کی توہین ہے۔‘

ارشد بھٹی نامی صارف کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری اور اسد عمر نے عمران خان کو مشکل وقت میں چھوڑا۔
’قربانیاں ورکرز اور نظریاتی لوگوں نے دیں اور اب حالات اچھے ہوتے ہیں دونوں واپسی پارٹی میں آنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘
واضح رہے اسد عمر نے پی ٹی آئی کے عہدوں سے الگ ہونے کا اعلان کیا تھا لیکن ان کے مطابق وہ اب بھی عمران خان کی جماعت کا حصہ ہیں۔

فواد چوہدری کے اس بیان پر تاحال پی ٹی آئی یا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔
خیال رہے پی ٹی آئی سے علیحدگی اور استحکامِ پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد یہ فواد چوہدری کا پہلا سیاسی بیان ہے۔

شیئر: