ذوالفقار علی بھٹو جونئیر نے لاہور بینالے فیسٹیول کے بائیکاٹ کا اعلان کیوں کیا؟
ذوالفقار علی بھٹو جونیئر ذولفقار علی بھٹو کے پوتے ہیں (فوٹو: انسٹاگرام)
معروف سماجی کارکن اور فنکار ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ ہونے والے لاہور بنیالے فیسٹیول کا بائیکاٹ کریں گے۔
ذوالفقار علی بھٹو جونئیر نے فیسٹیول کے منتظمین پر ’گرین واشنگ‘ کا الزام عائد کرتے ہوئے فیسٹیول میں شرکت نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اعلان ملک کے سب سے مشہور آرٹ فیسٹیولز میں سے ایک کے منتظمین کی ترجیحات کے بارے میں سوالات اٹھا رہا ہے۔
ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر شیئر کی جانے والی سٹوری میں فیسٹیول پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔
وہ کہتے ہیں کہ ’میں اس سال لاہور بینالے کا بائیکاٹ کر رہا ہوں۔‘
اپنے اس اعلان کی وضاحت کرتے ہوئے ذوالفقار علی بھٹو نے مزید لکھا کہ ’فیسٹیول کو بائیکاٹ کرنے کی وجہ یہ ہے کہ یہاں سب کو ماحولیات کا نعرہ لگا کر جمع کیا جاتا ہے اور پھر ماحول کے لیے کوئی بھی عملی اقدام نہیں اٹھایا جاتا۔‘
ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ ’یہ گرین واشنگ ہے، اس فیسٹیول میں شرکت کرنے کے لیے کراچی سے پیرس اور اٹلی سے نیویارک تک دنیا بھر سے فنکار آرہے ہیں۔‘
فیسٹیول پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’لاس اینجلس سے ایک ڈی جے لاہور کے ڈی جے سے اشتراک کرنے آ رہے ہیں، اگر آپ کوئی فنکاروں کی پارٹی سجانا چاہتے ہیں تو پھر زبردست ہے کیجیے لیکن پھر کہیے بھی یہی کہ آپ فنکاروں کی پارٹی کر رہے ہیں۔‘
ذولفقار علی بھٹو جونیئر نے فیسٹیول کے اغراض و مقاصد کو شفاف کرنے کی تلقین کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ ’ماحولیات کے ماہرین کو فنکاروں کی ضرورت نہیں ہوتی ہاں اگرچہ ان کا موحولیات سے کوئی تعلق واسطہ نہ ہو۔‘
ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے اپنے تجربے کے بارے میں لکھا کہ ’الخمد و اللہ میں نے ماحولیات کے مسائل پر کام کاج کرنے والے فلم سازوں اور فنکاروں کو جاننے کے لیے بڑا لمبا وقت صرف کیا ہے، لیکن ان میں سے اس پلیٹ فارم پر کوئی مدعو نہیں کیا گیا ہے۔‘
لاہور بینالے فیسٹیول کیا ہے؟
لاہور بینالے فاؤنڈیشن کی ویب سائٹ کے مطابق لاہور بینالے فیسٹیول ایک ادبی اور ثقافتی میلا ہے جو لاہور بینالے فاؤنڈیشن کی طرف سے منعقد کیا جاتا ہے۔
اس میلے میں دنیا بھر سے فنون لطیفہ سے منسلک شخصیات شرکت کرتی ہیں۔ اس فیسٹیول میں ماحولیات کے لیے خصوصی پروگرم اور سیشن رکھے جاتے ہیں۔
این جی او کی ویب سائٹ کے مطابق لاہور بینالے فیسٹیول کا تیسرا ایڈیشن پانچ اکتوبر سے شروع ہو گا جس کا تھیم ’ماحولیات اور پائیدار مستقبل‘ رکھا گیا ہے۔
گرین واشنگ کیا ہے؟
گرین واشنگ یا گرین شین مارکیٹنگ کا ایک طریقہ کار ہے۔ گرین واشنگ میں کارپوریٹ کمپنیاں ماحول دوست مواد کے ذریعے اپنی اور اپنی مصنوعات کی تشہیر کرتی ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ذولفقار علی بھٹو جونیئر کے اس اعلان پر ملا جُلا ردعمل سامنے آیا ہے۔
ایک صارف نے انسٹاگرام پر اس اعلان کے جواب میں لکھا ’اس شخص کے بائیکاٹ کرنے کی کسے پرواہ ہے۔‘
ایمن ضمیر نامی صارف نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’وہ درست کہہ رہے ہیں۔‘
آئی گرام نامی اکاؤنٹ کی جانب سے کہا گیا کہ ’وہ ایک عوامی شخصیت ہیں اور وہ اپنی آواز اٹھا رہے ہیں جو کہ انہیں کرنا چاہیے۔‘